یلاپور،8؍دسمبر (ایس او نیوز) یلاپور تعلقہ اسپتال کی عمارت میں تعمیری کام کرنے کے دوران سلیب کی شیٹ لگانے کے موقع پر تیسرے منزلے سے نیچے گرنے کی وجہ سے ایک مزدور ہلاک ہوگیا ۔ جس کی شناخت محمد جاویدکی حیثیت سے کی گئی ہے۔یلاپور پولیس اسٹیشن میں مہلوک کے فرزند کی طرف سے درج کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی کام کے ٹھیکیدار این سریش داونگیرے اور میستری مہیش نے کام پر لگے مزدوروں کے لئے سیفٹی بیلٹ ، کمر سے باندھنے کے لئے رسی یا کسی دوسری طرح کے حفاظتی انتظامات نہیں کیے تھے۔لہٰذا ان دونوں کی غفلت کی وجہ سے پیش آنے والے حادثے میں اس کے والد کی جان گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جب محمد جاوید تیسرے منزلے کے سجّے پر کھڑے ہوکر سلیب کے لئے شیٹ فکس کررہا تھا تو اس کا تواز ن بگڑ گیا اورپیر پھسلنے کے بعد وہ سیدھے زمین پر آگرا۔ اس سے جاوید کے سر پر بہت گہری چوٹ لگی اور سر پھٹنے کی وجہ سے بے تحاشہ خون بہنے لگا اوراس نے دم توڑ دیا۔
یلاپور پولیس اسٹیشن میں کنٹراکٹر اور میستری کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 304 (غیر ارادی طورپر موت کا سبب بننا) کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے۔